اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ‘منصفانہ مارکیٹ ویلیو’ کے لحاظ سے 42 بڑے شہری علاقوں میں پراپرٹی کی قیمتوں میں 20 سے 100 فیصد تک اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایف بی آر نے 42 بڑے شہروں کے لیے اپنی نظرثانی شدہ قیمتوں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے اور اسے باضابطہ طور پر جاری کرنے سے قبل اس کی جانچ پڑتال کے لیے وزارت قانون کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ املاک کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن رواں ماہ کے اندر جاری ہونے کی امید ہے۔
پراپرٹی کی قیمتوں کی فہرست آخری بار FBR نے دو سال کے وقفے کے بعد 13 ستمبر 2022 کو جاری کی تھی۔FBR مزید شہروں کو شامل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے تاکہ FBR کی طرف سے مطلع کردہ قیمتوں کے تصور کو وسیع کیا جا سکے۔ جس میں مزید 14 شہروں کو شامل کیا جائے گا تاکہ اگلے مرحلے میں شہروں کی تعداد 42 سے بڑھا کر 56 ہو جائے۔
فی الحال 42 شہروں کی جائیدادوں کی قیمتیں دوبارہ مقرر کی جائیں گی جن میں ایبٹ آباد، اٹک، بہاولپور، چکوال، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گوجرانوالہ، گجرات، گوادر، حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی، قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ صاحب، نارووال، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔
پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافے کا یہ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ایف بی آر کو ٹیکس ریونیو بڑھانے میں مدد ملے گی۔