ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر ڈاکٹر صاحبان اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی ، ایمرجنسی، لیبارٹری، ایکسرے روم، فارمیسی، زنانہ مردانہ وارڈ کے علاوہ دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر علاج معالجہ کیلئے آئے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغورجائزہ لیا ۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 اکتوبر 2022 ) انہوں نے مختلف مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر مریضوں نے علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے سی سی ٹی وی کیمرے چیک کرتے ہوئے تمام کیمروں کو فعال کرنے اور ہسپتال کی خالی زمین کو لان میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے ڈاکٹر صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ علاج معالجہ اور ٹیسٹنگ سے متعلق طبی پروٹوکول کو فالو کیا جائے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی کا ہر گز مظاہرہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے ، جو ادویات ہسپتال میں دستیاب ہیں وہ مریضوں کو علاج معالجہ کیلئے فوری مہیا کی جائیں۔
