ڈپٹی کمشنرمحمد شاہد نے صبح سویرے شہر کی سبزی و پھل منڈی کا اچانک دورہ کر کے سبزیوں اورپھلوں کی کوالٹی اورقیمتوں کو چیک کیا، انہوں نے منڈی میں صفائی کے انتظامات اور نیلامی کے امورکا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرکے اپنی نگرانی میں حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کروائی۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 15 جنوری 2022 ) اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل ،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور عملہ بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر نے خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق بھی استفسار کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہاکہ منڈی سے مارکیٹ تک سبزی و پھل کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ سستی اور معیاری اشیاءکی مارکیٹ تک دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے منڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کر کے سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران پر واضح کیا کہ صارفین کے حقوق کا خیال کرتے ہوئے عوام کی قوت خرید کے مطابق مقرر کردہ ریٹس پر ہی سبزیاں اور پھل سبزیاں فروخت کریں بصورت دیگر ناجائز منافع خوری پر سزا بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف جرمانوں سمیت ایف آئی آرز درج کرائیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اشیاءکی خریداری کرتے وقت مارکیٹ کمیٹی سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کو فالو کریں، زائد قیمت ہر گز ادا نہ کریںاورکسی بھی شکایت کی صورت میں “قیمت ایپ”یا ٹول فری نمبر 0800-02345 پر اطلاع دیں۔
