kashmir day

ضلع کونسل ہال منڈی بہاءالدین میں یوم سیاہ کشمیر منایا گیا

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مظالم کا نوٹس لے، کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق کوئی نہیں چھین سکتا. انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی عوام کے د ل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27 اکتوبر 2022 ) پاکستان بالخصوص منڈی بہاﺅالدین کے عوام کشمیروں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قوم کا موقف ذمہ دارانہ انداز میں پیش کیا جس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بنیادی ایشو بن چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم سیاہ کشمیر منانے کے حوالے سے ضلع کونسل ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر وحید حسن گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق پھپھرا، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد قاسم اورنگزیب ، ڈی ایس پی صاحبان،تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباء، میڈیا نمائندگان، سیاسی سماجی رہنماﺅں کے علاوہ عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج یوم سیاہ کے موقع پر ہر پاکستانی نے مل کر پوری دنیا کو بھارت کا بھیانک چہرہ اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کو دکھا دیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری میں تنہا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی بھر پور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیر کی آزادی تک جاری رکھی جائے گی۔

تقریب میں طلباءنے ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے، یوم سیاہ کے بینرز اور نعروں سے مزین کتبے اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی ضلع کونسل سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے مین گیٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ۔ اسی طرح تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں بھی یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے تقاریب اور ریلیاں منعقد کی گئیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں