mandi bahauddin dengue

منڈی بہائوالدین: انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ 11 ہزار 764 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے، انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک کمیونٹی مرض ہے اس کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی اورپولیو آگاہی مہم کے حوالے سے عوام الناس میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے ۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04 اگست 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد پولیومہم کی تیاریوں اورانسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل ، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈی ڈی ایچ اوز، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ، فوکل پرسن برائے ای پی آئی /پولیو میڈیم رافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 22 اگست سے 26 اگست تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 11 ہزار 764 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 2 دن کیچپ ڈیز بھی ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کےلئے محکمہ صحت کی 70 فکسڈ ٹیمیں، 43 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1224 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم سے قبل تمام ضروری انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے ۔ سابقہ تجربات کو مد نظر رکھ کر خامیوں کا ازالہ کیاجائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ دوران مہم عوام الناس بالخصوص والدین کی آگاہی کیلئے تشہیر کے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں سی او ہیلتھ نے بتایا کہ بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور80 ہزار825 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور 10ہزار80 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 3لاکھ 11ہزار 483 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت35 ہزار171 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر903 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔جس پر ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ انسدادڈینگی مہم پر سو فیصد عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور جسے ہم سب نے مل کراجتماعی کوششوں سے کامیاب بنانا ہے۔ نا صرف محکمہ صحت بلکہ دیگر متعلقہ محکمے اور عوام الناس مشترکہ کاوشوں سے انسداد ڈینگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیمیں ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مزید بہتری لائیں کیونکہ منڈی بہاﺅالدین کو ڈینگی فری بناناضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ جن جگہوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہو یا اس کی افزائش کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اس معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں