ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے5 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا جبکہ 1میڈیکل سٹور کو وارننگ، 2میڈیکل سٹورز کو ری وزٹ کرنے اور 4 میڈیکل سٹورز مالکان کواگلے اجلاس میں بلانے کے احکامات جاری کر دئیے ۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 31مارچ 2022) اس امر کا فیصلہ ڈی سی آفس میں ڈی سی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل، ڈسٹرکٹ سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہر وڑائچ اورڈرگز انسپکٹرز بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب12میڈیکل سٹورز مالکان کے کیسز پیش کئے گئے ۔ جن پر بغیر لائسنس ، بغیر وارنٹی، زائد المیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے ، صفائی سھترائی اور فریزر میں ادویات نہ رکھنے وغیرہ ایسے الزامات تھے۔
اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔ جس پر اجلاس میں بورڈ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں5 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا، 1میڈیکل سٹور مالک کو وارننگ، 2 میڈیکل سٹورز کا از سر نو معائنہ کرنے جبکہ 4کواگلے اجلاس میں بلانے کے احکامات جاری کئے گئے۔
اس موقع ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے ڈرگ انسپکٹر ز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل سٹور پر ڈرگ ایکٹ کے قوانین کے مطابق معائنہ کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوراََ کاروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور ڈرگ کنٹرولر کی ٹیمیں عطائیوں کا قلع قمع کرنے کےلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور ڈرگ ایکٹ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ وارننگ یا سزا کے بعد بھی بے قاعدگیوں سے باز نہ آنے والے میڈیکل سٹوروں کا کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا کر موثر پیروی کی جائے۔ کسی تفریق کے بغیر کارروائی ہونی چاہئیے۔
