صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار، تجارت اور قبضے کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی سربراہی میں کارروائیوں کے دوران مختلف اضلاع سے 36 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ ان کے قبضے سے 321 پرندے اور 21 نیٹنگ گیئرز برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق 9 ملزمان کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 61 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، خانیوال، ملتان، لودھراں، اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، بہاولپور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، گجرات، بھکر اور بہاولنگر میں کارروائیاں کی گئیں۔
برآمد ہونے والے جنگلی پرندوں میں بٹیر، تیتر، کبوتر، چکور، مور اور مختلف اقسام کے طوطے شامل ہیں۔ عدالتی احکامات کے مطابق زیادہ تر پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ پرندوں کو بھی عدالت کی اجازت سے چھوڑا جائے گا۔