ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز رانا محمد سعید نے ضلع بھر میں مختلف دکانوں کو چیک کیا ، انہوں نے روٹی کا معیار اور وزن بھی چیک کیا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 4ہزارروپے جرمانہ کیا۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 25 جون 2022 ) اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومتی نرخوں پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا ۔انہوں نے نان بائی مالکان کو ہدایت کی کہ وہ روٹی اور نان کی قیمت صرف حکومتی مقرر کردہ ریٹ کے مطابق وصول کر سکتے ہیں ، ناجائز منافع خور وں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
تندور مالکان مقرر کردہ ریٹ، معیار اوروزن کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بلا خوف اپنا کام جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے مسلسل اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام النا س کو ناجائز منافع خوروں سے بچایا جائے اور یہ کریک ڈاون اسی طرح جاری رہے گا۔
