ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے سٹی ہسپتال کا رات گئے اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے وارڈز میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیااور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی، ستھرائی کے معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 26اگست2022) اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوملک عباس ذوالقر نین، ڈاکٹر صاحبان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کےلئے کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ مریضوں کےلئے علاج معالجے کیلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے کہا کہ ہسپتال میں ان کےلئے تمام ضروری ادویات مفت موجود ہیں۔کسی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ محکمہ صحت کے فنڈز اور مراعات میں ریکارڈ اضافے کے بعد ملازمین مریضوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر شہر مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بارشی پانی کے فوری نکاس کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بارش ہونے کی صورت میں میونسپل عملہ مختلف شفٹوں اور ٹیموں کی شکل میں شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنائے اوربارش کے اختتام اور پانی کے نکاس تک تمام ملازمین فیلڈ میں موجود رہیں اور افسران ملازمین کی مسلسل مانیٹرنگ کریں ۔
