ڈپٹی کمشنر نے جانو چک میں گندم خریداری مرکز کے معائنے اور باردانہ کی تقسیم کا افتتاح کر دیا

منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 17اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ امسال ضلع منڈی بہاؤالدین میں کاشتکاروں سے 62،428 میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے ہدف کے حصول کیلئے 6گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ 1800روپے فی من کے حساب سے کاشت کاروں سے براہ راست گندم خریداری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت کسانوں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کیلئے باردانہ کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنا دیا ہے اور آج سے باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج جانو چک میں گندم خریداری مرکز کے معائنے اور باردانہ کی تقسیم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد ارشد تارڑ ، کسان بورڈ کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے گندم خریداری مرکزپر باردانہ کی فراہمی،پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، سمیت کاشت کاروں کیلئے دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا ۔

انہوں نے گندم گوداموں کا معائنہ کیا اور باردانہ کی تقسیم کا عمل بھی چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کسانوں سے باردانہ کے حصول کے علاوہ دیگر سہولیات سے متعلق استفسار بھی کیا۔ جس پر کسانوں نے تمام انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد ارشد تارڑ نے بتایا کہ ضلع کے 6گندم خریداری مراکز پر کسانوں کی تمام انتظامات مکمل ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلع سطح پر کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں لمحہ بہ لمحہ گندم خریداری مہم کو نہ صرف مانیٹر کیا جارہا ہے بلکہ کسی بھی کی غیر قانونی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے خریداری سنٹر پر شکایات سیل بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے ڈی ایف سی کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچائی جائیں تاکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ٹارگٹ بروقت حاصل کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں