ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) میں سنٹرل آکسیجن سسٹم کا افتتاح کر دیا

منڈی بہاﺅالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 09 اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ہائی ڈی پینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) میں سنٹرل آکسیجن سسٹم کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ،پرسنل اسسٹنٹ ٹو سی او ہیلتھ ارسلانن رﺅف،ڈاکٹر حضرات کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کے بعد کورونا آئیسولیشن ، ابزرویٹری ، قرنطینہ وارڈزاور میل فی میل چیسٹ وارڈ کا بھی معائنہ کیا ۔انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ،ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیااور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو نے کورونا وائرس کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے فیل فی میل چیسٹ وارڈ میں مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔ جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہر گز نہیں ہے بلکہ لوگوں کو اس وائرس سے ہر ممکن بچاﺅ کیلئے تیار کرنا اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے پر آمادہ کرنا ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو صحت یابی تک الگ تھلگ رکھنے اور وائرس سے دوسرے افراد تک منتقلی کو روکنے کیلئے ضلع میں قرنطینہ سنٹرز قائم کر دئیے ہیں جہاں ضلع منڈی بہاﺅالدین سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو رکھا جائے گا اور کسی میں بھی وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری ہسپتالوں میں قائم آئیسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا جائے گا تا کہ وائرس صحت مند افراد تک نہ پھیل سکے۔

اس سلسلے میں تمام ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف باقاعدگی کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے دہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سخت اقدامات شروع کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا اہم ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ اس کو روکنے کیلئے ہر ممکن انتظامات اوراقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں