ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیرنگرانی ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول نے میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 95 فیصد رزلٹ کے ساتھ ضلع بھر میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور ضلع بھر کے دوسرے سکولز کی نسبت شاندار رزلٹ دیا۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 25 جولائی 2025) ڈسٹرکٹ جناح سکول کی طالبہ وانیہ نعیم نے 1178 نمبر لیکر ضلع بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے شاندار کارکردگی پر اساتذہ، طلباء، ان کے والدین اور سکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول ضلع کا سب سے بڑا اور شاندار تعلیمی ادارہ ہے، یہاں پڑھنے والے طلباءو طالبات ہمیشہ شاندار نتائج دیتے آئے ہیں اور یہ سب سکول ٹیچرزکی محنت کا نتیجہ ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول کے میٹرک 2025 رزلٹ کے مطابق 203 طلباءنے امتحان میں حصہ لیا ، جس میں سے 192طلباءو طالبات امتیازی نمبروں کے ساتھ پاس ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل اور پاکستان کی امید ہیں۔