وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے ضلعی سطح پر سرکاری ہسپتالوں میں انجیو پلاسٹی کے لیے کیتھ لیب میں ڈاکٹروں اور عملے کی تعیناتی شروع کر دی گئی ہے۔
دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے میانوالی، قصور، جھنگ، وہاڑی، بہاولنگر اور لیہ سمیت 16 اضلاع میں کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، خانیوال، راجن پور میں کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ بھکر، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں کیتھ لیبز بنائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بہترین انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں ایف سی پی ایس اور ایم ڈی ڈپلومہ رکھنے والے ڈاکٹروں کی تقرری کی جائے گی جبکہ امریکن بورڈ آف کارڈیالوجی سے ڈپلومہ رکھنے والے ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے گا۔
تجربہ کار کارڈیالوجی میڈیکل آفیسرز اور نرسوں کو بھی کیتھ لیب میں رکھا جائے گا۔ کیتھ لیب میں میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجسٹ اور کیتھ لیب ٹیکنولوجسٹ موجود ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیوز کے لیے بہترین امراض قلب کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کیتھیٹر لیب کے قیام سے مریضوں کو انجیو پلاسٹی کے لیے بڑے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ مرحلہ وار ہر ضلع میں کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ مریضوں کو فوری ریلیف مل سکے گا۔ علاج کی بہترین سہولیات ہر مریض کی دہلیز پر دستیاب ہوں گی۔