وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر انچارج ریجنل وفاقی محتسب سرگودھا مشتاق احمد اعوان نے نادرا زونل آفس منڈی بہاوالدین اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دورہ کیا ، اس موقع پر نادرا آفس اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انسپکشن کی گئی ۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 جون 2022) نادرا زونل آفس میں انسپکشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نادرا آفس عملے کی کمی اور سہولیات کی کمی کے باوجود بھی بہترکارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کو انچارج وفاقی محتسب مشتاق احمد اعوان نے سراہا .
دورے کے دوران انچارج وفاقی محتسب نے نادرا آفس میں آئے ہوئے لوگوں سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر انہوںنے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انچارج وفاقی محتسب نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام آفس کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے آئے ہوئے سائلین سے توجہ اور خلوص سے ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد نے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ انچارج وفاقی محتسب نے بعض شکایات کے ازالے کے لئے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان شکایات کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری محکموں کا کام عوام الناس کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی اور سستی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات پرفوری داد رسی کا عمل بھی تسلسل سے جاری رکھا ہوا ہے، وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کے پیچیدہ مسائل کو حل کر کے ان کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے ،جس کو وفاقی محتسب کا ادارہ خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہے۔
