سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب سمیت وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے افراد پر پابندیاں نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27اگست2021 ) انہوں نے بتایا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے فیصلے کے مطابق 15ستمبر کے بعد موٹرویز پر سفر کیلئے کم از کم ایک ڈوز لگوانا لازمی ہو گا جبکہ دوسری ڈوز 15اکتوبر تک لگوانا لازمی ہو گا۔ اسی طرح میٹرو بس، ٹرین ، ہائی ایس پر سفر کیلئے پہلی ڈوز 30ستمبر جبکہ دوسری ڈوز 31اکتوبر تک لگوانے والے ہی سفر کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی کمشنر کا کورونا ویکسین نا لگوانے والوں پر 30 اگست سے پابندیاں لگانے کا فیصلہ
انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ بغیر کورونا ویکسن سفر کرنے والوں کی بکنگ اور سروسز مہیا نہ کریں اورٹکٹ جاری کرنے سے پہلے کورونا ویکسی نیشن کو ثبوت لازمی چیک کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی شہری کے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سفر کرنے پر متعلقہ ٹرانسپورٹر کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں جرمانے کے ساتھ ساتھ ان کی گاڑی کو بند کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت، سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام الناس کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کوونا ویکسی نیشن کی دستیابی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے لہذٰا عوام الناس کو بھی چاہیئے کہ وہ ویکسی نیشن کروا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔
