بارسلونا: پاکستانی شہر منڈی بہاؤالدین کے اوورسیز پاکستانیوں نے قونصل جنرل بارسلونا مرزا سلمان بابر بیگ سے قونصل خانہ میں ملاقات کی
بارسلونا(ارشد نذیر ساحل )پاکستانی قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ نے کہا ہے کہ سپین میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کا تعلق پنجاب کے دو اضلاع گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے ہے اور یہ لوگ بہت محنتی اور جفاکش ہیں اور وہ سپین کی معیشیت میں بھی بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ نے’’کاسہ ایشیا‘‘کے ہیڈکوارٹرکا دورہ کیاجہاں انکی ملاقات ’’کاسہ ایشیا ‘‘کے ڈائریکٹر جنرل خابیر سے ہوئی ۔سلمان بابر نے کہا کہ ہماری بھی اولین ترجیح دونوں ملکوں کی ثقافتوں کا انضمام ہے اورہم چاہتے ہیں کہ سپین کے تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلباء بھی استفادہ کریں اور اس ضمن میں ہسپانوی اداروں کو پاکستانی طلباء کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیئے۔
قونصل جنرل نے کہا کہ ہماری سرزمین پاکستان ہراعتبار سے بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس کا ثقافتی ورثہ بہت ہی دلکش اور دلنشین ہے اور جو اپنے اندر دیگر تہذیبوں کو متوجہ کرنے کی بیحد صلاحیت رکھتا ہے۔مرزا سلمان بابر بیگ نے کہا کہ ہم مقامی تہواروں اور میلے ٹھیلوں میں اپنی ثقافت کو پیش کریں گے اور پاکستانی فیشن بھی پوری دنیا کو متاثر کررہا ہے
ہم اسکی نمائشیں منعقد کرانا چاہتے ہیں تاکہ مقامی آبادی ہماری ثقافت کے رنگ بھی دیکھ سکے۔واضح رہے کہ قونصل جنرل مرزاسلمان بابر بیگ اورڈائریکٹر کاسہ ایشیا خابیر دونوں افغانستان میں بھی مختلف ذمہ داریوں کو نبھاچکے ہیں اور دونوں نے افغانستان میں اپنے یادوں کو بھی تازہ کیا۔
