ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) کی ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرکرن ارشد، ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار،ڈپٹی ڈی ایچ اوز، فوکل پرسن رافعہ ناہید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
منڈی بہاءالدین ( 28 جولائی 2025 ) اجلاس کے دوران ویکسین مہم کے شیڈول، انتظامی اقدامات، سکیورٹی، کمیونٹی شمولیت اور مختلف محکموں کے کردار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر میں 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 9 سے 14 سال تک کی عمر کی ایک لاکھ 27 ہزار 307 بچیوں کو فری ویکسین لگائی جائے گی اور 80 فیصد ٹارگٹ پرائیویٹ اور سرکاری سکولز میں پورا کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) کی ویکسین لڑکیوں کو سروائیکل کینسر جیسے مہلک مرض سے بچانے کے لیے ایک مو ¿ثر، سائنسی اور محفوظ اقدام ہے اور یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت اور وزارتِ صحت کی سفارشات کی روشنی میں فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر ویکسین کی افادیت، طریقہ کار اور ممکنہ خدشات کے بارے میں ایک منظم اور مربوط آگاہی مہم چلائیں تاکہ معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور بے بنیاد افواہوں کا موثر تدارک کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس قومی مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی تاکہ ہماری بچیاں مستقبل میں اس جان لیوا بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے اردگرد متاثرہ بچیوں کی نشان دہی کیلئے رابطہ کریں۔