وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر صوبے بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے کے شہروں میں سرکاری و نجی عمارتوں، پارکوں، چوکوں، بازاروں اور شاہراہوں کو جھنڈیوں اور بینرز سے سجانے کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے فیملیز کی آمد کے پیش نظر عوامی مقامات پر سیکورٹی اور ٹریفک کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز نے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات اور ریلیوں میں شہری تنظیموں کا بھرپور ساتھ دیں۔
پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں یوم آزادی کے رنگ قوس قزح کی طرح پھیل گئے۔ لوگ اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، ٹرالیوں اور ٹرکوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ برقی روشنیوں اور لیمپوں نے علاقوں اور عمارتوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے۔
لاہور، راولپنڈی، مری، کوٹلی ستیاں، جھنگ، لیہ، سیالکوٹ، مریدکے، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، جہلم، چکوال اور اٹک میں سجاوٹ کے خوبصورت مناظر شہریوں کی تفریح کا ذریعہ بن گئے۔ فیصل آباد، خانیوال، بہاولپور، ملتان، بھکر، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا میں بھی بازار، گلیاں، سڑکیں اور چوراہوں کو سجا دیا گیا ہے۔
