منڈی بہاؤالدین/ مویشی چور گینگ گرفتار. ذوالفقار عرف ذلو بین الاضلاعی مویشی چور گینگ گرفتار. 01 کروڑ روپے مالیتی 48 مسروقہ مویشی برآمد. ملزمان مویشی چوری کے درجنوں مقدمات میں ملوث ہیں. برآمد کئے گئے مویشی اصل مالکان کے حوالہ کردیئے گئے: ڈی پی او ساجد کھوکھر
منڈی بہاؤالدین( پ ر ایم.بی.ڈین نیوز 19 نومبر 2021) ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر نے پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سی آئی اے سٹاف نے مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضہ سے مختلف وارداتوں میں چوری کئے گئے ایک کروڑ روپے مالیتی 48 مویشی برآمد کرلئے گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ مویشی چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن انور سعید کنگرا کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے عامر شاہین گوندل کو مویشی چور گینگ کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا گیا، جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں ذولفقار عرف ذلو، شاہد اور ارشد شامل ہیں جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر مویشیوں کی اصل مالکان کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں پولیس لائنز میں سادہ تقریب بھی منعقد کی گئی .
ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر نے برآمد کئے گئے مویشی اصل مالکان کے حوالہ کئے ، کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹس بھی دیئے ، ڈی پی او نے کہا کہ گینگ کی گرفتاری سے علاقہ میں مویشی چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے
