صفا اور مروہ کی دیکھ بھال اور صفائی کیسے کی جاتی ہے؟

ریاض(تازہ ترین اخبار۔5 جنوری2021ء) صفااور مروہ دُنیائے اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ ان پہاڑی مقامات کے درمیان سعی کے بغیر نہ تو حج کی تکمیل ہوتی ہے اور نہ ہی عمرہ مکمل ہو پاتا ہے۔ ان اہم مقامات کی دیکھ بھال حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے حرمین شریفین جنرل پریذیڈینسی کے ذمے ہے۔ جس کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں صفائی ستھرائی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق مقدس مقامات کی تطہیر اور ان کی صفائی کے لیے الگ الگ پلان روبہ عمل ہیں۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر مقامات کی طرح صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کو ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ صاف کیا جاتا ہے۔حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کی جانب سے مسجد حرام میں قالینوں کی صفائی کے امور کے انچارج جابر الودعانی نے بتایا کہ صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کی صفائی کا خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں الودعانی کا کہنا تھا کہ صفا مروہ کی پہاڑیوں کی صفائی کے لیے مسجد حرام کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والے مواد اور آلات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفا اور مروہ کی صفائی کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ان تاریخی پہاڑیوں کے اطراف میں صفائی کا کام کرتی ہے۔ادھر حرمین جنرل پریذیڈینسی کے شعبہ انسداد وبائی امراض و تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر حسن السویھری نے بتایا کہ مسجد حرام اور دیگر مقدس مقامات کو ہر طرح کے حشرات الارض اور دیگر آلائشوں سے بچانے کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مسجد حرام اور دیگر مقامات پر صفائی کے ساتھ کیڑے مکوڑوں کو تلف کرنے کا کام کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں