سبزہ، آبشاریں اور پہاڑ، سعودی عرب کا خوبصورت شہر تنومہ

سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ایک ایسا شہر بھی ہے جسے موسم گرما میں سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق مقامی سطح پر ’تنومہ‘ کے بارے میں ایک قول ’تنومہ کے بارے میں دل پر کوئی ملامت نہیں‘ مشہور ہے۔ اس شہر کی ٹھنڈی ہوا ہرطرف سبزہ، آبشاریں، پہاڑی چوٹیوں پر چھائے بادل ملک کے گرم علاقوں میں بسنے والوں کو گرمیوں میں وقت گزارنے کیلئے بہترین موسم فراہم کرتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تنومہ شہر جبال سروات کی پہاڑی چوٹیوں پر واقع ہے۔ یہ شہر اپنے قدرتی پُرکشش اور طلسماتی سحر کی بدولت سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے سیاحتی گائیڈ فید آل مقبل نے کہا کہ تنومہ گورنری عسیر کے علاقے کے شمالی حصے میں واقع ہے، ابھا اور تنومہ میں 125 کلو میٹر کا فاصلہ ہے، اس شہر کی سطح سمندر سے بلندی 2400 میٹر ہے، یہاں پر سال بھر بارشیں ہوتی رہتی ہیں مگر موسم گرما میں ہونیوالی بارشیں سیاحوں کیلئے پُرکشش موسم ثابت ہوتی ہیں۔ تنومہ ایک قدرتی سیرگاہ ہے جس میں العرعر کے درخت، آبشاریں اور پانی کے چشمے بکثرت پائے جاتے ہیں، مشہور آبشاروں میں ’دھنا‘ اس علاقے کی ایک بہترین مثال ہے۔ اس کے اطراف میں بلندو بالا پہاڑی سلسلے واقع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ المحفار، الشلال، الحیفہ، الشرف اور الاربوعہ مشہور آبشاریں ہیں، یہاں پر ایک تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا حامل گاؤں بھی ہے۔ عقبہ ساقین، وادی ترج اور اس شہر کے قدرتی حسن سے مالا مال مقامات ہیں۔

تنومہ شہر ایک زرعی علاقہ ہے جس کی وادیوں میں کئی طرح کی فصلیں، سبزیاں اور موسمی پھل کاشت کئے جاتے ہیں۔ اس علاقے میں آبپاشی کا نظام نہیں تاہم وافر مقدار میں ہونیوالی بارشوں کے باعث یہ علاقہ ہمیشہ سرسبز اور شاداب رہتا ہے

اپنا تبصرہ لکھیں