سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیو وائرل ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار: منڈی بہاؤالدین کے علاقہ رکن میں ہوائی فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا،مقدمات درج، ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی
منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28 جون 2021) تھانہ گوجرہ کے علاقہ رکن کے رہائشی طارق جاوید کی رہائش پر تین روز قبل گاڑیوں پر سوار ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا، دیواروں ، دروازوں پر فائر لگے اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین ساجد حسین کھوکھر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل ملکوال راجہ فخر بشیر اور ایس ایچ او تھانہ گوجرہ کو مقدمہ کا فوری اندراج کر کے ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا جس پر تھانہ گوجرہ میں فوری طور پر مقدمہ درج رجسٹر کیا گیا.
ڈی ایس پی ملکوال راجہ فخر بشیر نے ایس ایچ او تھانہ گوجرہ سب انسپکٹر عمران شفیع کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو گروپوں میں چند ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا اس رنج کی بناء پر فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا اور ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ اسی روز درج کرلیا تھا اور مزید کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، مقدمات کا اندراج کر کے مزید تفتیش جاری ہے
