توقیر الیاس چیمہ کا سبزی و پھل منڈی کا دورہ، سبزی و پھل منڈی کی دکانوں، کمیشن ایجنٹوں، پرچون فروشوں ، پڑھیوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت

منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 17فروری2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا۔انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمود الرشید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو تمام دکانوں، سبزی و پھل منڈی کی دکانوں، کمیشن ایجنٹوں، پرچون فروشوں ، پڑھیوں کا ڈیٹا مرتب کرنے اور ان کی رجسٹریشن کر کے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

منڈی بہاوالدین میں آج کی ریٹ لسٹ دیکھیں

انہوں نے سبزی و پھل منڈی میں آنے جانے والے صارفین کے راستوں میں رکاوٹ کا باعث بننے والے خوانچہ فروشوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے، پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز اور گرفتاریوں عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ مہنگائی مافیا کا مکمل صفایا ہی انتظامیہ کا مشن ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں