مظفرآباد: موسم کی خرابی کے باعث تمام تعلیمی ادارے 5 روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری شدید سیلاب کے الرٹ کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو 19 سے 23 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلباء اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے کیونکہ خطے میں مسلسل اور متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلیاں، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ ان حالات سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔