تحصیل ایڈمنسٹریٹر پھالیہ رضوان بشیر آغا کا شہر میں تجاوازت کے خلاف آپریشن

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 جنوری 2021)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرتحصیل انتظامیہ کا ایڈمنسٹریٹر رضوان بشیر آغا کی زیر نگرانی تجاوازت کے خلاف آپریشن مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، دریں اثناءڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ پھالیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔ایڈمنسٹریٹر نے اپنی نگرانی میں تحصیل انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے ہمراہ پھالیہ شہر کے مین بازار پاہڑیانوالی اور دیگر تجاوزات والی جگہوں پر آپریشن کر کے فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کو ختم کروا کر سامان بحق سرکار ضبط کر لیا ۔

ایڈمنسٹریٹر نے انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھوں پر اور دکانوں سے سڑکوں تک قائم کی گئی تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور اس ضمن میں شہریوں کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو شکایات بھی موصول ہو رہی تھیں۔ جن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تحصیل انتظامیہ کو تجاوزات کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے مذکورہ علاقوں سے تجاوزات ختم کروا دیں ۔

دریں اثناءایڈمنسٹریٹر رضوان بشیر آغا نے واضح کیا کہ تجاوزات قائم کر کے پیدل چلنے والے عوام الناس اور ٹریفک کیلئے مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوںنے خبردار کیا کہ بازاروں، فٹ پاتھوں اور عوامی سہولت والی دیگر جگہوں پر سے تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر ہٹا لیا جائے بصورت دیگر تحصیل انتظامیہ مفاد عامہ کے پیش نظر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں