schools

این سی اوسی کا پیر 11 اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ

ملک میں کورونا وباء کا پھیلاوٴ کم ہونے اور ویکسی نیشن کی بنیاد پر اب کلاسیں معمول کے مطابق ہوسکیں گی، پیر سے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کلاسز کی اجازت ہوگی۔ وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد (تازہ ترین۔07 اکتوبر2021ء) این سی اوسی نے پیر 11 اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دے دی، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا وباء کا پھیلاوٴ کم ہونے اور ویکسی نیشن کی بنیاد پر اب کلاسیں معمول کے مطابق ہوسکیں گی، پیر سے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کلاسز کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال اور ویکسی نیشن کے ڈیٹا کے پیش نظر پیر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پیر 11 اکتوبر سے تمام تعلیمی اداروں میں کلاسز معمول کے مطابق ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق کلاسیں شروع کرنے کی اجازت کا فیصلہ کورونا بیماری کے پھیلاوٴ میں کمی اور سکولوں میں ویکسی نیشن کے پروگرام کے آغاز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا کہنا ہےکہ اب تک ملک بھر میں 8 کروڑ 87 لاکھ 43 ہزار514 افراد کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 11 لاکھ 665 افراد کو کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین لگائی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں بڑی عمر کے بچوں کو کورونا سے بچانے کیلئے سکولز و کالجز میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور سکولز اور کالجز میں بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر ویکسیئن لگائی جارہی ہے جبکہ ویکسی نیشن سنٹرز کے علاوہ محکمہ صحت کی مختلف ٹیمیں صوبہ بھر کی مختلف یونین کونسلز میں جاکر لوگوں کو ویکسیئن لگا رہی ہیں تاکہ کرونا سے بچنے میں مدد مل سکے جبکہ سرکاری محکموں میں بغیر ویکسیئن کے کسی شخص کو بھی داخل نہیں ہونے دیا جارہا لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ویکسی نیشن کا عمل مکمل کروائیں تاکہ کرونا سے بچنے میں مدد مل سکے

اپنا تبصرہ لکھیں