یوم فلسطین کے حوالے سے منڈی بہاوالدین میں میونسپل کمیٹی سے پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 21مئی2021 )حکومت پنجاب کی ہدایت پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلعی اور تحصیل سطح پر اظہار یکجہتی کے حوالے سے ریلیاں منعقد کی گئیں۔ریلیوں کا اہتمام ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ضلعی ہیڈکوارٹر میں مرکزی ریلی کا انعقاد میونسپل کمیٹی سے پریس کلب تک کیا گیا ۔ جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کی۔

ریلی میں سابق ایم این اے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں میجر (ر) ذوالفقار علی گوندل ، فیصل گوندل، حمزہ علی ،اسامہ حسین ، سرکاری افسران، ملازمین، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءکرام،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا ، سیاسی سماجی رہنماﺅں،وکلا، تاجر تنظمیں،ڈاکٹرز، اساتذہ، سول سوسائٹی کے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اعلان کرے ہم جہاد فلسطین کے لیے ہر وقت تیار ہیں، سید عبدالماجد حیدر شاہ

ریلی کے شرکاءمیں کورونا ایس پیز آگاہی مہم کے تحت ماسک بھی تقسیم کئے گئے ۔ شرکاءریلی نے فلسطینی عوام پر اسرائیل کی گیارہ روزہ دہشت گردانہ کاروائیوں اور بربریت کے خلاف سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے سر پرستوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شرکاءریلی نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فلسطینی پرچم ،کتبے اور بینرزاٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوم کی حمایت جبکہ اسرائیل کی بربریت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ضلعی ہیڈکوارٹر سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے حواریوں اور سرپرستوں نے نہتے فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کا جو بازار گرم کر رکھا ہے وہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بالخصوص ضلع منڈی بہاﺅالدین کے عوام کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا مقصد ان کے حقوق کی جدو جہد، قبلہ اول کے تحفظ اور آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والے قربانیوں اور اسرائیلی افواج کے دہشت گردانہ کاروائیوں کو نا صرف دنیا کے سامنے لانا ہے بلکہ اس بات کا بھی عہد کرنا ہے کہ پاکستانی عوام ہر طرح سے ان کے ساتھ ہیں اور فلسطینی عوام کے حقوق اور قبلہ اول کے تحفظ اور آزادی کیلئے ہر مسلمان اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہے ۔

شرکاءنے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے فلسطینی عوام کو اسرائیل کی دہشتگردانہ کاروائیوں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جبکہ امت مسلمہ سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف مسلم امہ میں مکمل اتحاد و یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیاجن کی قیادت ضلعی انتظامیہ نے کی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں