ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کسانوں اور کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے منڈی بہاﺅالدین، پھالیہ اور ملکوال میں ترجیحی بنیادوں پر کھاد کی فراہمی کے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ، ڈپٹی کمشنر محمد شاہد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کاشف جلیل کی سربراہی میں محکمہ زراعت کی زیر نگرانی کسانوں اور کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 31 دسمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر نے کسانوں کو مقررہ قیمت پر کھادوں کی فراہمی کو چیک کرنے کے حوالے سے اچانک غلہ منڈی مارکیٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے غلہ منڈی میں کھاد ڈیلرز کے ریکارڈز کو چیک کیا اور کسانوں کو یوریا کھاد کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کھاد ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ کھاد کے مقررکردہ نرخ بل بورڈ پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور کھادوں کے سٹا ک کا ریکارڈ رکھیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال اور دیگر متعلقہ افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر کو معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بتایا گیا کہ مارکیٹ میں کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے اور کھاد وافر مقدار میں دستیاب ہے.
ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ مارکیٹ میں 50 کلو گرام یوریا بیگ 1768 روپے، ڈی اے پی 8250 روپے، نائٹروفاس 5750 روپے، ایس ایس پی 2250 روپے میں دستیاب ہے اور کھاد ڈیلرز کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے سرکاری قیمت پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسان کی خوشحالی کا مطلب ملک کی مجموعی ترقی ہے اور کسان کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کومعیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے۔حکومتی پالیسی کے تحت کاشتکاروں کے مفاد کا بھر پور تحفظ کرتے ہوئے کسی کو بھی مہنگی کھاد بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے حاکم مال اور سہولت بازار کا بھی دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے پھلوں، سبزیوں اور کریانہ شاپس کے سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں پر رکھی گئی اشیاء کے معیار اور مقدار کا جائزہ لیتے ہوئے ریٹ لسٹوں کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے خریداری کیلئے آنے والے صارفین سے قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر شہریوں نے سہولت بازار کے قیام کو ایک مثبت اقدام قرار دیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سہولت بازاروں میں شہریوں کو روزہ مرہ کے استعمال کی اشیاء جن میں پھل، سبزیاں اور کریانہ شامل ہیں عام بازاروں سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے تمام سہولت بازاروں میں با آسانی دستیاب ہے جبکہ شہریوں کو ارزاں نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کیلئے سہولت بازاروں کے علاوہ عام مخصوص دکانوں پر آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔
