منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20ستمبر 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور ہر بچے کو پولیو ویکسین دینے سے قبل ہاتھوں کو سینٹائزڈ کیاجائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں پھالیہ روڈ پر نجی سکول میں 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسر محمد اقبال ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پرسی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 20ستمبر سے 24ستمبر تک جاری رہنے والے اس مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے2 لاکھ 25 ہزار 428 بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے ۔ جس کیلئے 2،333ورکرز پر مشتمل محکمہ صحت کی70 فکسڈ ٹیمیں، 43ٹرانزٹ پوائنٹس، گھر گھر جانے والی957 ٹیمیں ،70 یوسی ایم اوز جبکہ193 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔
جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کے والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاءالدین میں کورونا وائرس کے مذید 7 کیسز سامنے آگئے
انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیمیں انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھتے ہوئے ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر لگائیں ۔انہوں نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں اور قطرے پلانے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی علاقہ ایسا نہ رہے جہاں پولیو ٹیم نہ پہنچی ہو اور نہ ہی کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جانے سے محروم رہے۔
Leave a Reply