منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 27جولائی 2021 )ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا نے کہا ہے کہ درخت لگانا بہترین صدقہ جاریہ ہے،جس نے ایک درخت لگایا اس نے جنت میں درخت لگایا، شجرکاری مہم کے سلسلہ میں حکومت پاکستان بالخصوص حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں گرین پاکستان اور گرین پنجاب پروگرام کے تحت ضلع میں شجرکاری کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ نواز شریف ڈگری کالج برائے خواتین منڈی بہاﺅالدین میں مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا لگا کر کیا. اس موقع پر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فارو ق،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر زاہد گوندل کالج پرنسپل صائمہ عنبرین ، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ درخت لگانا ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہونگی تاکہ ہماری آنے والی نسلیں صحت مند زندگی گزار سکیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجرکاری کا مفہوم صرف درخت لگانا ہی نہیں بلکہ اس کی مناسب دیکھ بھال اور تناور درخت بننے تک اس کی نگہداشت بھی نہایت ضروری ہے تاکہ درختوں کو پروان چڑھا کر ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو خوشگوار بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے توسط سے تعلیمی ادروںمیں موجودہ شجر کاری مہم میں 12 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے دوسو پودے اس کالج مین لگائے جائیں گئے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ پودے لگانے کے بعد ان کے مکمل درخت بننے تک نگہداشت کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ذمہ دار شہری کا یہ قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ اپنے اپنے حصے کا ایک ایک پودا ضرور لگائے ۔انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کافرض ہے۔ دورحاضر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم وطن عزیز کے ماحول کو ناصرف خوبصورت بناسکتے ہیں بلکہ شجرکاری کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات پاسکتے ہیں۔ بعد از اں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر زاہد گوندل اور کالج پرنسپل نے بھی کالج میں پودے لگائے۔
