ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر منڈی بہائوالدین یاسر حمید نے بتایا ہے کہ ووٹ کے اندراج اور درستگی کی آخری تاریخ 19 جون ہے ،عوام الناس کو چاہیئے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر آج ہی اپنا ووٹ تبدیل اور اندراج کروائیں۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 جون 2022) انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن عوام کے فائدے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن عوام اس میں دلچسپی نہیں دکھا رہی۔ ہر بار کی طرح الیکشن سے پہلے دفتر کے چکر لگانے سے بہتر ہے کہ آپ سب لوگ اپنے ووٹ کی تصدیق کر لیں اور آنے والے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور ووٹ غلطی سے بچنے کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھا لیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین میں 165 ڈسپلے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جو کہ عوام الناس کیلئے 19 جون تک بغیر کسی چھٹی کے صبح 8بجے سے لے کرسہہ پہر 4بجے تک کھلے رہیں گے لہذا عوام الناس دئیے گئے شیڈول اور وقت کے مطابق کسی بھی وقت ڈسپلے سنٹر کا وزٹ کر کے اپنے ووٹ کی تصدیق کر سکتے ہیں اور اگر انتخابی فہرست کے متعلق کوئی اعتراض ہو تو وہ بھی جمع کروا سکتے ہیں۔
