منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 اگست 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ14اگست کویوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، پاکستان جیسا عظیم وطن طویل جدوجہد اور شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے ہر شخص اپنا فرض ادا کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی 14اگست کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر جنرل محمد شفیق اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اختر ، انچارج ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان، ڈی او سول ڈیفنس، ضلعی تحصیل اور میونسپل کمیٹیوں کے علاوہ دیگر ضلعی محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے اجلاس کو یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب 14 اگست کو ڈسٹر کٹ کمپلیکس میں صبح 9 بجے ہوگی اور اسی طرح دیگر تحصیلوں پھالیہ اور ملکوال میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جس میں ارکان اسمبلی ،بلدیاتی نمائندے، سرکاری افسران اوردیگر ممتاز شہری شخصیات شرکت کرینگے۔
جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں بالخصوص محکمہ تعلیم ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور میونسپل کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شہروں اور گلیوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائیگا اور اہم تقریبات میں کیک کاٹے جا ئیں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں انجمن تاجران اور مخیر حضرات کی معاونت سے شہروں اور گلیوں، سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جائے۔ اور جشن آزادی کے موقع پر محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب میں ممتاز شخصیات کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ یوم آزادی کی تقاریب میں شرکاءحکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر لازماً عمل درآمد کریں۔
