ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، کسان خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مہنگی کھادوں کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 11جنوری 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ضلعی ززعی ایڈوائزری اور ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمداقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، کسان بورڈ کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹ میں سونا یوریا ایک ہزار 788 روپے بوری، یوریا ببر شیر ایک ہزار 768 روپے، سونا ڈی اے پی 8 ہزار 993، ایف ایف سی ڈی اے پی8 ہزار 943 روپے، اینگرو ڈی اے پی9 ہزار23 روپے ، سر سبز ڈی اے پی8 ہزار 940روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر اور دسمبر 2021 میں379 انسپکشنز کی گئیں ،مہنگی کھادیں اور غیر معیاری زرعی ادویات بیچنے پر9 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا کر 9 افراد کو گرفتار کرا دیا گیا جبکہ 6دکانوں کو سیل کر کے7 لاکھ 88 ہزار 500 روپیہ جرمانہ بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 59 ہزار 58 کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے۔ کسان کارڈ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اب تک 19 ہزار 691 کسانوں نے کسان کارڈ کیلئے اپلائی کیا جبکہ 8 ہزار 440 کسانوں کو کسان کارڈ فراہم کر دئیے گئے ہیں جبکہ باقی کی ویریفکیشن کا عمل جاری ہے اور جلد بقیہ افراد کو مرحلہ وار کسان کارڈ جاری کر دئیے جائیں گے۔
انہوں نے اجلاس کو وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے پیداواری مقابلہ جات، نمائشی پلاٹس اور50 فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری کی فراہمی کے بارے میں بھی کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ کسان کی خوشحالی کا مطلب ملک کی مجموعی ترقی ہے، کسان کی خوشحالی اور زرعی معیشت کی مضبوطی لازم وملزوم ہیں اور کسان کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوںکو معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی اور معیاری زرعی ادویات کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومتی پالیسی کے تحت کاشتکاروں کے مفاد کا بھر پور تحفظ کرتے ہوئے کسی کو بھی مہنگی کھاد بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر زارعت کو ہدایت کی کہ کسانوں میں آگاہی کیلئے زیادہ سے زیادہ سیمینار ز منعقد کروائے جائیں اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں۔ اس موقع پر کسان بورڈ کے نمائندوں نے کسانوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو گزارشات حل کرنے کی ہدایت کی۔
