بھارت میں لڑائی کیلیے تیار کیے گئے مرغے نے اپنے ہی مالک کو ہلاک کردیا۔
بھارتی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں مرغوں کی غیرقانونی لڑائی سے قبل یہ حادثہ پیش آیا۔ مرغے کا مالک لڑائی کیلیے اس کے پنچوں کے ساتھ تیز دار چاقو باندھ کر لایا تھا کہ مرغے نے اچانک مالک پر وار کردیا جس سے مالک شدید زخمی ہوگیا۔
مقامی پولیس افسر کے مطابق زخمی ہونے کے بعد مرغے کے مالک کو طبی امداد کیلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ جاں بر نہیں ہوسکا۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے مرغے کو تھوڑی دیر تحویل میں رکھ کر بعدازاں پولٹری فارم بھجوا دیا جبکہ مرغوں کی لڑائی کروانے والے دیگر 15افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاستوں تلنگانہ، آندرا پردیش، کرناٹک اور اوڑیسا میں مرغوں کی لڑائی پر پابندی ہے اور خاص طور پر ہندو تہوار سنکرنتی سے قبل اس پابندی پر سختی سے عمل کروایا جاتا ہے