وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر منڈی بہاﺅالدین اور پھالیہ میں شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے مختلف سکولوں میں طلباء و طالبات کے مابین قرات، نعت خوانی اور تقاریری مقابلہ جات منعقد کروائے گئے ۔ یہ مقابلہ جات سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک کی زیر صدارت کروائے گئے۔ان تقاریب میں معروف علماء کرام، نعت خواں اساتذہ کرام اور مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 اکتوبر 2021) طلباء و طالبات نے اساتذہ کرام کی رہنمائی میں نبی اکرم ﷺ کی شان اور تعلیمات کو اپنی قرات، نعتوں رسول مقبول اور تقاریر میں بیان کیا۔ اس موقع پر علماء کرام اور اساتذہ کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی اکرم ﷺ کی پوری زندگی قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے ، قرات ، نعت اور تقاریر سے نا صرف روحانی سکون ملتا ہے بلکہ دل بھی ایمان کی قوت سے روشن ہو جاتے ہیں۔مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے اپنی اپنی تقاریر میں سیرت طیبہ کو موضوع بناتے ہوئے واضح کیا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ مسلمانا ن عالم کے باعث رحمت ہے۔ محبت رسولﷺ کا تقاضہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیات پر عمل کیا جائے۔ آپ ﷺ کی ذات طیبہ باعث تخلیق کائنات ہے جو زندگی کے ہر شعبہ میں مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا مقصد عوام الناس بالخصوص موجودہ اور آنے والی نسلوں کو دین فطرت کی طرف راغب کرنا ہے اور حضور ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔
