منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 21نومبر 2021)ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل کی سربراہی میں سموگ سے بچاﺅ کیلئے پھالیہ روڈ پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں میں سموگ سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی تدابیر سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں سموگ سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس اور حفاظتی ماسک بھی تقسیم کرنا تھا۔ آگاہی واک کے شرکاءنے حفاظتی تدابیر سے متعلق بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے بڑا خطرہ بن چکی ہے جس کے تدارک کیلئے تمام اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ ہم آنے والی نسلوں کو بہتر اور صاف ماحول فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے یہاں تک کے انسانوں کے ساتھ ساتھ فصلیں اور جانور بھی اس آلودگی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، چمڑے کو جلانے پر پابند عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے اور خلاف ورزی پر مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سموگ سے بچاﺅ کیلئے سموگ پیدا کرنے والے عوامل کو روکنا، سموگ سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا اور سموگ سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیداکرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار نے کہاکہ شہری موجودہ موسمی حالات میں سموگ سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عملدرآمد کریں اور موٹر سائیکل چلاتے ہوئے عینک اور چہرے پر حفاظتی ماسک کا استعمال کریں ، بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں،شہری کھانستے اور چھینکتے وقت منہ اور ناک پر رومال یا ٹشو رکھیں جبکہ گندے ہاتھوں سے آنکھوں، منہ اور ناک کو ہر گز نہ چھوئیں اور ہاتھوں کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔
