سعودی عرب نے سعودی وزٹ ویزہ کے کارآمد رہنے کی مدت کے حوالے سے غیر ملکی شہریوں میں پائے جانے والے ابہام کی وضاحت کردی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے پاسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی غیرملکی شہری نے مملکت کا وزٹ ویزہ لیا اور اس پر بار بار مملکت کا سفر کررہا ہے تو اس کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ وزٹ ویزہ کی تاریخ اجرا کے ساتھ ہی اس کے کارآمد ہونے کی مدت شروع ہوجاتی ہے۔
پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک مصری شہری کی طرف سے استفسار کے بعد یہ وضاحت کی ہے جس نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ اس نےکرونا وبا کے آغاز سے قبل وزٹ ویزہ لیا تھا اور سعودی عرب جا نہیں سکا تھا۔ اس شہری کا سوال یہ کیا اسے اب نیا ویزہ لینا ہوگا یا وہ پہلے سے موجود ویزہ استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب وزٹ کرسکتا ہے۔
اس سوال پر پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ویزے کے اجرا کے ساتھ ہی اس کے قابل استعمال رہنے کی مدت بھی شروع ہوجاتی ہے اور شہری اسی مقررہ مدت کے اندر وزٹ ویزے سے سعودی عرب آنا جانا کرسکتا ہے۔ ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس حوالے سے اگر مزید معلومات درکار ہوں تو ویزہ جاری کرنے والے ادارے سےرابطہ کیا جاسکتا ہے