ظالم اسرائیلی فوج کی شیلنگ بھی کلمہ گو فلسطینی نمازیوں کو اللہ کے حضور سجدے کرنے سے روک نہ سکی، قبلہ اول میں اللہ اکبر کی صدائیں گونجتی رہیں، نہتے فلسطینیوں نے ظلم و جبر کیخلاف مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی
یروشلم ( تازہ ترین ۔ 8 مئی 2021ء ) دھماکوں کی گونج کے باوجود بہادر فلسطینوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جاری رکھی۔ تفصیلات کے مطابق نہتے فلسطینیوں نے ظالم و قابض اسرائیل کے ظلم و جبر کیخلاف مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی۔ مسجد اقصیٰ میں ہتھیاروں سے لیس ظالم اسرائیلی فوج کے حملے کے باوجود نہتے فلسطینیوں نے بھرپور مقابلہ کر کے اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کرنے والے عالمی رہنماوں کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کیا۔
ظالم اسرائیلی فوج کی شیلنگ بھی کلمہ گو فلسطینی نمازیوں کو اللہ کے حضور سجدے کرنے سے روک نہ سکی اور قبلہ اول میں اللہ اکبر کی صدائیں گونجتی رہیں۔واضح رہے کہ مسجد اقصی میں جمعتہ الوداع کے موقع پر نمازیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 200 سے زائد نمازی زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہ رمضان کے آخری جمعے جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے ہزاروں فلسطینی مسجد اقصی پر جمع ہوگئے اور باہر احاطے میں نماز ادا کی۔اس دوران اسرائیلی فوج نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو مسجد کے اندر داخل ہونے سے روکنے کے لیے نمازیوں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور کریکر پھینکے جس سے 200 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
تشدد کا سامنا کرنے والے نہتے فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج کو جوتے مارے اور کرسیاں پھینکیں اس مڈ بھیڑ میں 200 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ 12 سے زائد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔فلسطینی تنظیموں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے عبادت کی ادائیگی کے بنیادی حقوق کی سنگین پامالی کی اور نہتے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نماز کی ادائیگی کے بعد سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا اور توڑ پھوڑ کی جس کے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اس دوران کئی آفیسرز بری طرح زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی اس ظلم و بربریت پر پاکستان کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا ، پاکستان اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، رمضان المبارک کے دوران ایسا حملہ انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پر تشدد واقعے میں زخمی فلسطینیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں ، آزاد فلسطینی ریاست کے حصول کے لیے پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا ، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 2 ریاستوں کے حل کی ضرورت پر زور دیتا ہے ، عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام اٹھائے ، جب کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پوزیشن پر جانا ہوگا