ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمدنوید اقبال نے جوڈیشل مجسٹریٹ عقیل احمد جنجوعہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا ماہانہ دورہ کیا۔ جیل پہنچنے پر جیل کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 31 اگست2021) اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس جیل رانا شمشاد حسین،محمد معصب بلال گوندل، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد عامر مچرا،محمد وسیم، محمد ثاقب رضا اور دیگر سٹاف جیل بھی موجود تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین نے جیل میں دستیاب سہولیات اور دیگر امورز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اپنے دورے کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل کے مختلف سیلز ، ہسپتال ،ڈسپنسری، ادویات کے اسٹاک، کچن کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود سہولیات کا فرداََ فرداََ جائزہ لیا۔
انہوں نے صفائی اور کچن اسیران پر کھانے کے معیار کو چیک کیا جو کہ معیار کے عین مطابق پایا گیا۔ انہوں نے ملاقاتیوں کی انتظار گاہ ،میٹنگ سیکشن اور جیل ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ جیل ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران اور حوالاتیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے اسیران سے ملاقات کے دوران فردافردا ان کے مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کی طرف سے اسیران کیلئے لگائے میڈیکل کیمپ کو چیک کیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ میں 200 سے زائد اسیران کا چیک اپ اور فری ادویات دی جا چکی ہیں جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو شاباش دی۔ انہوں نے معمولی نوعیت کے جرم میں ملوث1 ملزم کی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے اسیران کو باور کرایا کہ نفرت جرم سے ہے، انسان سے نہیں.
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انسان پیدائشی طور پر مجرم نہیں ہوتااور قیدی اس بات کا عہد کریں کہ وہ یہاں سے اچھے انسان بن کر اپنے خاندان اور ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔جیل اسیران نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تمام دیگر افسران و ماتحت عملہ کے رویہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے اور جیل میں قیدیوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
