ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اختر شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کو خسرہ کے مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے حکوت پنجاب محکمہ صحت کے اقدامات لائق تحسین ہیں ، خسرہ ایک مہلک مرض ہے جس کے خاتمے کیلئے عوام الناس بالخصوص والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔
منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 اکتوبر 2021 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد خسرہ مہم کی تیاریوں اور آگاہی کے حوالے سے زیر تربیت یو سی ایم اوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یو سی یم اوز 2 ارسلان رﺅف، محمد فیاض، یو سی ایم اوز 5 فرحان فیض، حافظ قمر، یو سی ایم اوز 1 مہوش شرمین ، محمد اویس اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو نے زیر تربیت یو سی ایم اوز سے کہاکہ انسداد خسرہ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے، قوم کے نونہالوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ 15 نومبر سے 27 نومبر 2021 تک 13روزہ جاری رہنے والی مہم کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ اس مہم میں 9ماہ کی عمر سے لے کر 15سال تک کے 6 لاکھ 63 ہزار420 بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی اور اس حوالہ سے مائیکروپلاننگ کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ13 روزہ مہم صبح 9بجے سے لے کر شام 4بجے تک جاری رہا کرے گی۔انہوں نے مذید بتایا کہ سکولز انتظامیہ کی معاونت سے یو سی ایم اوز نے رجسٹریشن کا کام معیاری پرفارمے پر مکمل کر لیا ہے ۔
ڈی ایم ایس نے یو سی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد خسرہ مہم کی کامیابی کے حوالے سے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ گھر گھر جاکر ناصرف خسرہ کے مرض کے حوالے سے بلکہ احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے بھی آگاہی دیں تاکہ ضلع کو خسرہ فری بنانے میں مدد مل سکے۔
