انفارمیشن ٹیکنالوجی، فنانس اور انجینئرنگ میں ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی، کیریئر بدلنے کے خواہش مندوں کی سُنی جائے گی
دُبئی( تازہ ترین اخبار۔18 جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں اس سال تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ہزاروں نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ جس کی ایک بڑی وجہ کورونا وبا کے دوران اور بعد میں کمپنیوں کا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب بڑھتا ہوا رحجان ہے۔ روزگار فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ جو لوگ اس سال اپنا کیریئر بدلنا چاہتے ہیں،انہیں بہت فائدہ ہو گا۔
کیونکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی وجہ سے مارکیٹ میں نئی جابز متعارف کرائی جا رہی ہیں جس کا بڑا فائدہ ٹیکنالوجی، فنانس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعلیم یافتہ اور تجربہ کار افراد کو ہو گا۔ Hays Gulf Region کے مینجنگ ڈائریکٹر کرس گریوس کا کہنا ہے کہ سال 2021ء میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیٹا سے منسلک افرادکو بڑی گنتی میں ملازمتیں میسر آئیں گی۔
کیونکہ کوروناکی وبا کے دوران پیدا ہونے والے بحران میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیز ترہو گیا ہے، اس وجہ سے تمام شعبوں میں متعلقہ ماہرین کی بہت بڑی ڈیمانڈ پیدا ہو گئی ہے۔ تجارتی ادارے اور کمپنیاں نئی ڈیجیٹل ایپس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، انٹرپرائز ایپلی کیشنز کے شعبوں میں متعلقہ ماہرین کو نوکریاں فراہم کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
بہت جلد روایتی کاروباری طریقے تبدیل ہو جائیں گے۔ اسی رحجان کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری افراد اور اداروں نے اپنی ترجیحات بدل لی ہیں۔ جس کے باعث اسی سال 49 فیصد ملازمین کسی بھی نئی کمپنی میں نئی طرح کی ملازمت کر سکتے ہیں۔گریوس نے کہا کہ امارات میں پہلے بھی آئی ٹی ماہرین کی بہت طلب تھی تاہم وبا کے دوران آن لائن سروسز اور ڈیجیٹائزیشن میں اضافہ ہونے کے باعث مستقبل بھی اسی نوعیت کی مارکیٹنگ اور سروسز کا ہو گا۔ اس وقت کمپنیاں تجربہ کار اور سینیئر پیشہ وروں کی ڈیمانڈ کر رہی ہیں کیونکہ وہ اس وقت ناتجربہ کار افراد کو ملازمت دینے کا رسک نہیں لے رہیں، تاکہ معاشی نقصان سے نکلنے کے لیے وہ تھوڑے وقت میں بہترین نتائج دے کر کمپنی کو فائدہ پہنچا سکیں۔