منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 جنوری 2021) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا ،انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا اور اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر نیلامی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ز صاحبان اپنے اپنے ایریا ز کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں صبح ہونے والی نیلامیوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پھلوں، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور مافیا کا مکمل صفایا ہی انتظامیہ کا مشن ہے ۔
انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز اور گرفتاریوں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔