پھالیہ (نامہ نگار 25 جون 2022)کھاد کی عدم دستیابی پر کسان بورڈ آف پاکستان نے پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کردیا۔
جنرل سیکرٹری کسان بورڈ شمالی پنجاب چو دھری صالح محمد رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان بورڈ منڈی بہاؤالدین کی قیادت نے ڈویژنل صوبائی و مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد یوریا کھاد کی عدم دستیابی و بلیک میں 3 ہزار روپے میں بوری فروخت کرنے اور ڈیزل و بجلی کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ ،
منڈی بہاؤالدین کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کسانوں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف احتجاجی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جون کو 4 بجے سرگودھا ڈویژن میں احتجاج ہوگا ، 26 جون کو گوجرانوالہ ڈویژن کا نارووال میں احتجاجی مظاہرہ ہو گا، 27 جون کو راولپنڈی ڈویژن کا جہلم جبکہ28 جون کو منڈی بہاؤالدین میں کھاد کی عدم دستیابی، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج ہو گا۔
