وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے معاون آلات پروگرام کے تحت اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ تھے ۔
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29مئی 2025) تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی،چیئرپرسن لائنز کلب میاں آصف شبیر،صدر بلائنڈ ایسوسی ایشن حافظ محمد الیاس، ضلعی افسران اور سپیشل افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے معاون آلات پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ معذور افراد کی رجسٹریشن کے بعد قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 126افراد کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ، جن میں سے 30معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی جا رہی ہیں اور باقی افراد میں بھی جلد وہیل چیئرز تقسیم کی جائیں گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمد رانجھا کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کا معاون آلات پروگرام معاشرے کے پسماندہ اور خصوصی افراد کی خدمت اور انہیں بااختیار بنانے میں ایک عظیم انسانی فریضہ ہے۔ آج کی اس خوبصورت تقریب کا مقصد معذور افراد کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنا اور ان کیلئے نقل و حرکت کو ممکن بنانا ہے تا کہ وہ بھی معاشرتی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سپیشل افراد کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ہمارا مقصد صرف وہیل چیئرز تقسیم کرنا نہیں بلکہ ان افراد کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد کے حوصلے اور عزم کو سراہا اور حکومت کے فلاحی منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔