تاجر اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار اادا کریں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16دسمبر2020)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ تاجر حضرات اور کریانہ مرچنٹس حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں کو موثر بنانے میں اپناکلیدی کر دار اادا کریں،انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائند گان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا گلفام حیدر،انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی زیادہ تر قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد ہی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اے ڈی سی آر نے شرکاءاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ضروری اشیاءخوردونوش،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو مقامی انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کا ہمیشہ سے اعتماد و تعاون حاصل رہا ہے۔ اس اہم گھڑی میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔ جس پر انجمن تاجران نے انتظامیہ کو اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ناصرف بھرپور تعاون کیا جائیگا بلکہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں کوئی سفارش نہیں کی جائے گی۔

توقیر الیاس چیمہ نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی چیک کرنے اور ہول سیل ریٹس پر سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں کسی چھوٹے اور غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب بڑے ڈیلروں اور دکانداروں کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاوالدین میں سبزی، فروٹ و گوشت کے تازہ ترین ریٹ دیکھیں

اپنا تبصرہ لکھیں