اساتذہ کے کھیلوں کے ٹرائلز مکمل، ٹیمیں ضلعی سطح پر نمائندگی کے لیے منتخب

حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل ونگ تحصیل منڈی بہاءالدین، راؤ شفیق احمد کی زیرِ نگرانی تحصیل بھر کے اساتذہ کے مابین کھیلوں کے ٹرائلز کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔

منڈی بہاءالدین(محمد آصف)اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز پنڈی بہاءالدین شہزاد احمد، مرکز حسن کے عاقب حسین، مرکز مونگ کے محمود الحسن، اور مرکز سوہاوہ کے ملک تسلیم حسین بھی بطور نگران شریک رہے۔ ٹرائلز کے دوران اساتذہ نے نہ صرف اپنی فزیکل فٹنس اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا بلکہ باہمی رواداری، جذبۂ مسابقت اور مثالی ٹیم ورک کا عملی ثبوت بھی فراہم کیا۔

مقابلہ جاتی سرگرمیوں میں دوڑ، رسہ کشی، بیڈمنٹن اور کرکٹ جیسے کھیل شامل رہے، جن میں شریک ہونے والے اساتذہ نے غیرمعمولی دلچسپی اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ ان ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والی ٹیمیں آئندہ ضلعی سطح پر ہونے والے بین التحاصیل مقابلوں میں تحصیل منڈی بہاءالدین کی نمائندگی کریں گی۔

راؤ شفیق احمد نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے ضامن ہیں بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی، باہمی تعاون اور مثبت طرزِ فکر کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے تمام شرکاء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ضلعی سطح پر بھی تحصیل منڈی بہاءالدین کے اساتذہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام روشن کریں گے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *