وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر منڈی بہاءالدین میں ثقافتی دن جوش و خروش سے منایا گیا۔ جس میں پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سنٹر منیر حسین، اساتزہ، خصوصی بچوں اور والدین نے بھر پور شرکت کی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 15 اپریل 2025 ) سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں خصوصی طلباء و طالبات کی جانب سے سٹالز لگائے گئے تھے، جہاں پنجاب و مقامی ثقافت، لباس، پکوان، زبان، رہن سہن کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا جبکہ پنجابی ثقافت کے ساتھ دوسرے صوبوں کی ثقافت کو بھی خوب اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سنٹر منیر حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ثقافی دن منایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافت، زبان اور رسم و رواج دنیا کی قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ پگڑی، لباس اور ہمارے پہناوے دنیا بھر میں ہماری شناخت کا ذریعہ ہیں۔
پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافت محبت، امن، خوشی، مہمان نوازی اور روحانیت کا حسین امتزاج ہے۔ آج کے دن کو منانے کا مقصد بچوں اور نوجوان نسل میں اپنی زبان، لباس اور ثقافت سے روشناس کرانا اور آنے والی نسلوں تک اپنی ثقافت کو منتقل کرنا ہے اور انہیں یہ آگاہ کرنا کہ ہماری ثقافت ہمارا فخر اور مان ہے۔