تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے.منڈی بہاءالدین میں بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، جنوبی اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ اس نے بلند پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم دیر، چترال، کوہستان، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کرم اور کوہاٹ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، لاہور، قصور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم پنجگور اور تربت میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔