child labor

والدین اپنے بچوں کو کام کی بجائے سکول بھیجیں، ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27دسمبر 2022)ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ حکومتی ایس او پیز کے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ، ای او بی آئی رجسٹریشن اور سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں.

انہوں نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی سے کام کریں اور مزدور خاندانوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کیلئے تینوں تحصیلوں میں آگاہی سیشنز کا انعقادکیا جائے اور والدین میں آگاہی پیدا کی جائے کہ وہ اپنے بچوں کو کام کی بجائے سکول بھیجیں ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو باور کرایا کہ لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لیبر کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ویجی لینس اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، سوشل سکیورٹی آفیسر ، اسسٹنٹ لیبر آفیسر رانا آصف منیر ، بھٹہ یونین کے صدر میاں غلام سرور، جنرل سیکرٹری سمیت دیگرز نے شرکت کی۔

قبل ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر و یلفیئر ثاقب حیات نے اجلاس کو محکمہ لیبر کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لیبرکے افسران تسلسل کے ساتھ بھٹہ خشت اور دکانوں کی انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس ماہ چیکنگ کے دوران چائلڈ لیبر ہونے پر 2 ایف آئی آرز درج کرا دی گئی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے سوشل سیکورٹی آفیسر کو بھٹہ مزدوروں کو جلد از جلد سوشل سیکورٹی کارڈ جاری کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی کارکنان کو سوشل سیکورٹی کارڈز کا اجراءیقینی بنایا جائے تاکہ غریب مزدوروں کی فلاح و بہبود ہو سکے اور یہ علاج معالجہ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھٹوں پر موبائل میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جبری مشقت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، حکومتی ایس او پیز اور لیبر قوانین کے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ اور انسپکشن کا عمل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر کو آئندہ اجلاس میں محکمہ سے متعلق سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں