ketchery

منڈی بہاءالدین میں کھلی کچہریوں کا انعقاد، عوام مسائل سنے گئے

حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈیز میں ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ریونیو عوامی خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل سن کر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز یکم دسمبر 2022) اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ، تحصیلدار محمود بھٹی، نائب تحصیلدار میاں وقار ، لینڈ ریکارڈسنٹر اور ریونیو افسران سمیت سائلین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے، جہاں شہریوں کے ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فور ی حل ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیو عملہ عوام الناس کی سہولت کیلئے فرد انتقالات کے اجراء، کچہریوں میں درستگی ریکارڈ ، انکم سرٹیفکیٹ، رجسٹری، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجراءسمیت ریونیو سے متعلقہ دیگر درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک ہی چھت کے نیچے الگ الگ کاﺅنٹرز پر خدمات مہیا کرنے کیلئے موجود ہوتا ہے۔انہوں نے ریونیو افسران او رعملہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

خدمت کچہری میں آغاز سے لیکر اختتام تک آنے والے سائلین نے اپنے مختلف ریونیو مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیںجنہیں وہاں پر افسران کی موجودگی میں عملہ نے فوری طور پر کاروائی کر کے موقع پر نبٹا دیا جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ضلعی ہیڈکوارٹر کی طرح تحصیل ہیڈکوارٹر پھالیہ اور ملکوال میں بھی ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیو سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنے گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں